جمعه 15/نوامبر/2024

بھوک ہڑتالی اسیران کے قاید البرغوثی سے ان کے وکلاء کی ملاقات

جمعرات 11-مئی-2017

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ’ریڈ کراس‘ کی کوشش سے 17اپریل سے اسرائیلی جیل میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی رہ نما مروان البرغوثی سے ان کے وکلاء کی ملاقات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مروان البرغوثی سے ان کی ملاقات آج متوقع ہے تاہم خدشہ ہے کہ صہیونی انتظامیہ انہیں ملاقات سے روکنے کی کوشش کرے گی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ریڈ کراس کی فلسطینی اسیران سے ان کے وکلاء کی ملاقاتوں کا اہتمام کرنے کی ذمہ دار کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسیر مروان البرغوثی کے وکلاء آج جمعرات کو اسرائیل جیل میں ان سے ملاقات کریں گے۔ البرغوثی اور 1500 فلسطینی اسیران نے 17 اپریل کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔

ادھر فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کے لیے قائم کردہ فالو اپ کمیٹی کے چیئرمین قدورہ فارس نے کہا ہےکہ صہیونی حکام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ  ریڈ کراس کے مندوبین اور وکلاء آج جمعرات کو البرغوثی سے ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ 1600 فلسطینی اسیران مسلسل 25 روز سے اجتماعی بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جب سے اسیران نے بھوک ہڑتال شروع کی تھی صہیونی انتظامیہ نے ہڑتال کرنے والے قیدیوں کو ان کے وکلاء سے ملاقات سے روک دیا تھا۔

ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیر رہ نماؤں میں تحریک فتح سے تعلق رکھنے والے مروان البرغوثی بھی شامل ہیں۔ البرغوثی کو2002ء میں اسرائیلی جیل میں قید ہیں۔ انہیں سنہ 2000ء میں تحریک انتفاضہ کے دوران یہودیوں کے قتل کے الزام میں پانچ بار عمر قید کی سزا کا سامنا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی