شنبه 03/می/2025

غرب اردن میں اسرائیلی فوج کا کریک ڈاؤن،15 فلسطینی گرفتار

جمعرات 11-مئی-2017

قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں  میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم 15 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طولکرم پناہ گزین کیمپ میں تلاشی کے دوران ایک شہری کو حراست میں لیا گیا۔ تین افراد کو نابلس میں کفر قدوم کے مقام سے حراست میں لیے گئے۔ دو کو شمالی شہر سلفیت میں کفل حارس کے مقام سے گرفتار کیا گیا۔ ایک شہری کی گرفتاری رام اللہ میں عبوین کے مقاب سے جب کہ ایک کو قلندیا سے گرفتار کیا گیا۔

شمال مغربی بیت المقدس کے علاقے بیت سوریک سے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ایک سینیر کارکن کو حراست میں لیا گیا، دو فلسطینی شہریوں کو بیت فجار، ایک کو بیت لحم، ایک شہری کو خضر قصبے، جب کہ حوسان، اورالنبی پل سے بھی ایک فلسطینی شہری کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گرفتار فلسطینی شہریوں میں  اسرائیلی فوج کو مزاحمتی کارروائیوں میں مطلوب افراد بھی شامل ہیں۔ انہیں تفتیش کے لیے خفیہ اداروں کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ادھر رام اللہ میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کے ساتھ ساتھ بازاروں میں بھی تلاشی لی۔ صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ رنتیس شہر میں ایک دکان کو سیل کیا گیا ہے۔ اس دکان کو مبینہ طور پر فدائی حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا  تھا۔

اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر کے جنوب میں ایک اسلحہ ساز فیکٹری بھی پکرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ فیکٹری خفیہ ادارے’شاباک‘ کی مدد سے پکڑی گئی۔

مختصر لنک:

کاپی