چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیل نے بیرزیت سے 3 طلبہ گرفتار کر لئے، 20 سے تفتیش

بدھ 10-مئی-2017

اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے کئی شہروں میں بدھ کی صبح چھاپوں اور تفتیشی کاررائیوں کے بعد متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ غرب اردن کے شہر نابلس کی شمالی میونسپلیٹی عصیرہ میں اسرائیلی جیلوں سے رہا ہونے والے کم سے کم بیس قیدیوں سے پوچھ تاچھ کی گئی جبکہ تین طلبہ کو بیرزیت یونیورسٹی سے گرفتار کیا گیا۔

اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق 12 فلسطینی طلبہ کو مزاحمتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے بیرزیت میونسپیلٹی سے جامعہ بیرزیت کی طلبہ یونین کے سابق صدر احمد العایش کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاری ایسے وقت عمل میں آئی ہے جب آج یونیورسٹی میں طلبہ یونین انتخاب کا نیا مرحلہ ہو رہا ہے۔ یونیورسٹی کے علاقے سے عمرو الریماوی اور احمد فرج نامی طلبہ کو بھی حراست میں لئے جانے کی اطلاعات ہیں۔

بیت لحم کے مضافاتی قصبے تقوع سے اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے موسی العمور اور حسن البدن شہریوں کو گرفتار کیا جبکہ محمود ابو صوی کو شہر کی الخضر میونسپیلٹی سے گرفتار کیا گیا۔

بدھ کی صبح قابض اسرائیلی فوج کی گرفتاری مہم کے دوران شمالی نابلس کی عصیرہ میونسپیلٹی سے بیس ایسے نوجوان گرفتار کئے گئے ہیں جو حال ہی میں صہیونی جیلوں سے رہا ہوئے تھے۔ ان سے قابض حکام سے پوچھ تاچھ کی جس کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔

عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایا کہ اسرائیلی سیکیورٹی فورس کی بھاری نفری نے عصیرہ میونسپیلٹی پر دھاوا بول دیا۔ اس کے بعد اہلکاروں نے اسرائیلی جیل سے رہائی پانے والے بلال الکاید سمیت دو دوسرے نوجوانوں کے گھر مکمل تلاشی لی۔

مختصر لنک:

کاپی