فلسطین میں عیسائی برادری کے سرکردہ مذہبی پیشوا اور آرتھوڈوکس فرقے کے چیف بشپ عطاء اللہ حنا نے کہا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں اپنے حقوق کے لیے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران سے یکجہتی کوانسانی اور اخلاقی فریضہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کی طرح فلسطین کی عیسائی برادری بھی صہیونی مظالم کا یکساں شکار ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عیسائی مذہبی رہ نما نے ان خیالات کا اظہار بیت المقدس میں برطانیہ سے آئے انسانی حقوق کےایک گروپ سے گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی نسل پرستی، حسد، کینہ اور دشمن کا شکار فلسطینی مسلمان اور عیسائی دونوں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی زندانوں میں اپنے جائز حقوق کے لیے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران پوری قوم کی ہمدردی اور یکجہتی کے مستحق ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی اسیران کی بھوک ہڑتال عالمی برادری کے لیے ایک پکار ہے۔ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے عالمی برادری کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی چاہئیں۔ فلسطین میں عیسائی اور مسلمانوں دونوں اقوام یکساں صہیونی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک اور ان کے ذرائع ابلاغ فلسطین کی حقیقی تصویر کشی کے بجائے دنیا کوگمراہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیت المقدس میں اسرائیلی پابندیاں صرف مسلمان شہریوں کے لیے نہیں بلکہ عیسائی برادری بھی صہیونی ریاست کی پابندیوں کا سامنا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بیت المقدس کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران یہ ملاحظہ کیا ہے کہ صہیونی فوج اور پولیس نے شہر میں غیراعلانیہ کرفیو لگا رکھا ہے جس کے نتیجے میں بیت المقدس کے تمام علاقوں بالخصوص العیساویہ، جبل المکبر اور بیت سلوان میں نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ اسرائیلی پابندیوں کے باعث ایسے لگ رہا ہے کہ بیت المقدس ایک بڑی جیل ہے جس میں ایک ایک شہری پر اسرائیلی فوجی مسلط ہیں۔
عیسائی مذہبی رہ نما نے اسرائیلی حکومت اور فوج کی جانب سے بیت المقدس میں پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عام آبادی کو اجتماعی سزا دینے کے مترادف قرار دیا۔ انہوں نے فلسطینیوں پر مظالم کے حوالے سے عالمی برادری بالخصوص مغرب کے کردار پر کڑی تنقید کی۔ عطاء اللہ حنا نے کہا کہ مغربی ممالک اور ان کے ذرائع ابلاغ فلسطینیوں کو درپیش مشکلات اور صہیونی مظالم کو اجاگر کرنے کے معاملے میں دوہرے معیار کا شکار ہیں۔ مغربی میڈیا مظلوم فلسطینی قوم پر ڈھائے جانے والے مظالم کو عالمی سطح پر اٹھانے کے بجائے دنیا کو گمراہ کررہا ہے۔