مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹر الشیخ عزام الخطیب التمیمی نے الزام عاید کیا ہے کہ صہیونی فوج اور پولیس مسجد اقصیٰ میں یہودی آباد کاروں کی بے حرمتی کے واقعات میں یہودیوں کی مدد کرتی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الشیخ عزام الخطیب نے کہا کہ صہیونی فوج مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیز کارروائیوں کے لیے داخل ہونے والے یہودیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کی مدد کرتے ہیں اور مسجد میں انہیں گھومنے پھرنے میں سہولت اور سیکیورٹی فراہم کرتے ہیں۔
ایک بیان میں فلسطینی محکمہ اوقاف کے عہدیدار نے کہا کہ صہیونی فوج اور پولیس مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کی یلغار کی ذمہ دار ہے۔ یہودی جب بھی نام نہاد مذہبی رسومات کی ادائی کے لئے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوتے ہیں فوج اور پولیس ان کی مدد کو وہاں موجود ہوتی ہے۔ صہیونی فورسز ایک طرف یہودیوں کو مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولنے میں ان کی مدد کرتے ہیں اور دوسری طرف فلسطینی نمازیوں کو مسجد سے باہر نکال دیا جاتا ہے۔
ادھر فلسطینی محکمہ اوقاف کے شعبہ اطلاعات کے انچارج فراس الدبس نے کہا کہ فوج کی وردیوں میں ملبوس اہلکاروں کو کئی بار مسجد اقصیٰ کے اندر اور قبۃ الصخرۃ میں دیکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صہیونی حکام یہودی آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ کے مراکشی دورازے کے راستے اندر لے جانے میں ان کی مدد کرتے ہیں۔ اس طرح کئی بار یہودیوی شرپسندوں اور فلسطینیوں کے درمیان مسجد کے داخلی اور خارجی راستوں پر کشیدگی کا ماحول دیکھا گیا۔