قابض صہیونی بحریہ نے غزہ کی پٹی میں سمندری حدود میں ماہی گیری کرنےوالے دو فلسطینی ماہی گیروں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ قابض فورسز نے فلسطینی شہریوں کی کشتیاں بھی ضبط کرلیں۔
غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی طرف سے انسانی حقوق کے ہاتھوں ہونے والی خلاف ورزیوں کی مانیٹرنگ کے لیے قائم کردہ کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتوار کو علی الصباح سمندر میں ماہی گیری کرنےوالے دو فلسطینی شہریوں کاتعاقب کیا اور انہیں گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ قابض فوج نے دونوں فلسطینیوں کی کشتیاں بھی قبضے میں لے لیں۔
مقامی فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے شہری ابو ریالہ نامی ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ قبضے میں لی گئی کشتیاں عدنان ابو ریالہ کی ہیں جب کہ گرفتار ہونے والے شہریوں کی شناخت 33 سالہ شعبان اور 20 سالہ محمد کے ناموں سے کی گئی ہے جو دونوں بھائی ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے26 اگست 2014ء کو طے پائے معاہدے کے تحت غزہ کے شہریوں کو تین کلو میٹر تک ماہی گیری کی اجازت فراہم کی تھی مگر عملا فلسطینیوں کو چند سو میٹر اندر سمندر میں جانے کی اجازت بھی نہیں دی جاتی۔