دوشنبه 18/نوامبر/2024

فلسطینی قوم بھوک ہڑتالی اسیران کا ساتھ دے:امام قبلہ اول

ہفتہ 29-اپریل-2017

مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب الشیخ محمد سلیم نے کہا ہے کہ دشمن کی جیلوں میں پابند سلاسل فلسطینی بہنوں اور بھائیوں کی نصرت اور ان کی مدد تمام فلسطینیوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم دشمن کی قید میں اپنے حقوق کے لیے بھوک ہڑتال کرنے والے بھائیوں کا ساتھ دے۔

ان کا کہناہے کہ فلسطینی قوم کو اسیران کے حقوق کی حمایت اور دشمن کی قید سے رہائی تک ہرمیدان میں جدو جہد جاری رکھنی چاہیے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی عالم دین نے ان خیالات کا اظہار مسجد اقصیٰ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق پرانے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے اطراف میں ہزاروں کی تعداد میں اسرائیلی پولیس اہلکار اور بارڈ فورس کےاہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ انہوں نے جگہ جگہ ناکے لگا کر نمازیوں کی تلاشی کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا۔ قابض فوج کی جانب سے فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائی سے روکنے کی پوری کوشش کی گئی تھی مگر اس کے باوجود چالیس ہزار سےزیادہ فلسطینی مسجد اقصیٰ پہنچنے میں کامیاب رہے۔

امام قبلہ اول الشیخ محمد سلیم نے اپنے خطبہ جمعہ میں اسرائیلی قید خانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو قید تنہائی میں ڈالنا، جبری غذائیں دینا، انتظامی حراست میں رکھنا جیسے مکروہ ہتھکنڈے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ فلسطینی اسیران اپنے جائز اور عالمی طور پرمسلمہ حقوق کے لیے بھوک ہڑتال پر مجبور ہوئے ہیں۔ ان کی مدد و نصرت فلسطینی قوم پر واجب ہے۔

الشیخ محمد سلیم نے فلسطینی نمائندہ جماعتوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ عرب اور عجم کے مسلمان ملکوں میں بھی اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں کی رہائی صرف اتحاد ہی میں سے ممکن ہے۔

انہوں نے مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری یلغار کی مذمت کی اور کہا کہ برادری  اور عالم اسلام مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال ہونے سے بچانے میں ناکام رہے ہیں۔ یہودی شرپسند پوری دنیا کی آنکھوں کے سامنے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کرتے ہیں۔ ان یہودی جتھوں کواسرائیلی حکومت اور ریاستی اداروں کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

مختصر لنک:

کاپی