پنج شنبه 01/می/2025

غزہ میں افواہیں پھیلانے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن

بدھ 26-اپریل-2017

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کو پولیس نے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے افواہیں پھیلانے اور من گھڑت خبریں مشتہر کرنےمیں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مہم شروع کی جس میں دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے بتایا کہ فلسطینی معاشرے کو افواہیں پھیلانے والے فسادیوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ کی پٹی میں سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والےعناصر کو کھل کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ افواہیں پھیلانے والے فلسطینی قوم کے بہی خواہ نہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں افواہیں پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔  انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور نہ ہی سوشل میڈٰیا پر جاری بے لگام تبصروں پرعمل درآمد کریں۔ کسی نامعلوم ذریعے سے آنے والی خبر کی تصدیق کے لیے متعلقہ محکمے سے رجوع کیا جائے۔ ساتھ ہی ساتھ افواہیں پھیلانے والے عناصر کی نشاندہی کی جائے تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے۔

مختصر لنک:

کاپی