اسرائیل کی فوجی عدالت نے زیرحراست ایک 17 سالہ فلسطینی لڑکی کو 10 سا قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق آج بدھ کو علی الصباح اسرائیلی عدالت نے بیت المقدس کے جنوبی قصبے بیت صفافا سے تعلق رکھنے والی سترہ سالہ ملک سلمان کو ایک اسرائیلی فوجی پر چاقو حملہ کرنے کے الزام میں جاری مقدمہ پر فیصلہ سنایا۔
ملک سلمان کو اسرائیلی فوج نے 9 فروری 2016ء کو بیت المقدس میں باب العامود کے مقام سے حراست میں لیا تھا۔ اس دوران اسے متعدد عقوبت خانوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔ اس وقت وہ الشارون جیل میں قید ہیں۔
اسرائیلی پراسیکیوٹر کی طرف سے اسیرہ ملک سلمان کے خلاف یہودی فوجی پر چاقو حملہ کرکے اسے زخمی کرنے کے الزام میں مقدمہ چلایا تھا۔ پراسیکیوٹر کی طرف سے اس کے خلاف فرد جرم عدالت میں پیش کی گئی تھی جس میں اسے کم سے کم دس سال قید کی سزا کی سفارش کی گئی تھی۔