اسرائیلی فوج نے فلسطینی اسیران کی حمایت میں نکالی گئی ایک ریلی پر وحشیانہ تشدد کیا ہے جس کے نتیجے میں چھ فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان تازہ تصادم غرب اردن کے وسطی علاقے البیرہ میں بیت ایل چوکی کے قریب پیش آیا جہاں مظاہرین نے اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کی حمایت میں جلوس نکالا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر ’ٹوٹو‘ گن سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم چھ فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پرآنسو گیس کی شیلنگ کی۔ آنسوگیس کی شیلنگ کے نتیجے میں کئی فلسطینی دم گھٹنے سے بھی متاثر ہوئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی تھی۔
مرکزکے نامہ نگار کے مطابق مظاہرین نے صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور بھوک ہڑتال کرنے والے مظاہرین کی حمایت میں شدید نعرے بازی کی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں اپنے حقوق کے لیے بھوک ہڑتال کرنے والے 1500 اسیران کی حمایت میں روزانہ کی بنیاد پر یکجہتی ریلیاں اور مظاہرے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج حسب معمول پرامن فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتی ہے۔