پنج شنبه 01/می/2025

القدس، غرب اردن میں مظاہرین پر اسرائیلی فورسز کا وحشیانہ تشدد

جمعہ 21-اپریل-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں کل جمعرات کو فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلیوں پر قابض صہیونی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں عوفر جیل کے باہر جمع فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج ٹوٹ پڑی۔ نہتے مظاہرین پرلاٹھیوں، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کی بوچھاڑ کردی گئی جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

 ادھر بیت المقدس میں مشرقی قصبے ابو دیس میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان تصادم کی اطلاعات ہیں۔ قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کی ایک ریلی کو منتشر کرنے کے لیے اس پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ابو دیس سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق 11 فلسطینی شہری زہریلی آنسوگیس کے شیل لگنے سے بے ہوش ہوگئے ہیں۔

ہلال احمر کے امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے رام اللہ میں فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر ربڑ کی دھاتی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جب کہ کئی افراد کو اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔

مقامی ذرائع کےمطابق قابض فوج کی طرف سے طاقت کے بے تحاشا استعمال کے جواب میں نہتے مظاہرین نے سنگ باری کی۔ اسرائیلی فوج نے سنگ باری کرنے والے متعدد فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی