چهارشنبه 30/آوریل/2025

بجلی کے بحران سے غزہ میں صحت کا شعبہ سنگین خطرات سے دوچار

جمعہ 21-اپریل-2017

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ریڈ کراس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے غزہ کی پٹی پر مسلط کردہ بجلی کے بحران نے صحت کے شعبے کو سنگین خطرات سے دوچار کیا ہے اور اسپتالوں میں موجود فلسطینی مریضوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں ریڈ کراس کی نمائندہ کمیٹی کی ترجمان سہیر زقوت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بجلی کے بحران کے باعث گذشتہ ایک ہفتے سے غزہ میں اسپتالوں میں مریضوں کی حالت انتہائی کٹھن ہوچکی ہے۔ شہریوں کے گھروں میں بھی چوبیس میں سے صرف چھ گھنٹے بجلی آرہی ہے جب کہ اسپتالوں کا عالم اس سے بھی بد تر ہے جہاں مریض شدید گرمی اور بجلی کی عدم دستیابی کے باعث بلبلا اٹھے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ نو روز سے غزہ کی پٹی کو پاور پلانٹ کے لیے ایندھن کی سپلائی بند ہے۔ چند ماہ قبل بھی غزہ کی پٹی میں بجلی کے بحران کے حل میں ترکی اور قطر کی طرف سے امداد فراہم کی گئی تھی۔ فلسطینی اتھارٹی نے حال ہی میں غزہ کی پٹی کوایندھن کی قیمت تین گنا بڑھا دی تھی جس کے نتیجے میں غزہ کے لیے ایندھن کی خریداری مشکل ہوگئی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں بھی غزہ کی پٹی میں بجلی کے بحران کے باعث ساپتالوں میں مریضوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث اسپتالوں میں طبی خدمات محدود کردی گئی ہیں۔ بجلی کے بحران کے باعث مریضوں کا تشخیصی عمل بری طرح متاثر ہوا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی