ترکی میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ اس ضمن میں استنبول میں ایک خصوصی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ نمائش میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو درپیش مشکلات، اسرائیلی مظالم اور قیدیوں کے حقوق کی پامالیوں کی عکاسی کی گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق’سلاخوں کے پیچھے کی المناک داستانیں‘ کے عنوان سے تصویری نمائش کا اہتمام فلسطینی اسیران کے لیے سرگرم‘یکجہتی‘ مہم، ترکی کی ’مظلوم در‘ فاؤنڈیشن، ترکی۔ فلسطین یکجہتی فورم’ فیدار‘ اور ترکی میں فلسطین کانفرنس کی جانب سے کیا گیا ہے۔
فلسطینی اسیران سے یکجہتی کے لیے خصوصی تصویری نمائش کی خاطر استنبول کے کیرازلی میٹرو اسٹیشن کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ تصویری نمائش ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب دوسری جانب فلسطین میں ڈیڑھ ہزار فلسطینی اپنے جائز حقوق کے لیے گذشتہ پانچ روز سے اجتماعی بھوک ہڑتال کررہےہیں۔
بھوک ہڑتال کرنے والوں کے بنیادی مطالبات میں انتظامی حراست کا خاتمہ، مریضوں سے لاپرواہی کا سلسلہ بند کرنا، قیدیوں کو تنہائی کی سزا پر پابندی لگانے، ملاقاتوں پر عاید پابندی ختم کرنا شامل ہیں۔
ترکی میں تصویری نمائش میں فلسطینی اسیرات اور بچوں کے تصویری ٹرائل کو منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے۔