پنج شنبه 01/می/2025

غزہ میں بجلی کا بحران فوری حل کیا جائے:اقوام متحدہ

جمعرات 20-اپریل-2017

مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی میں بحلی اور ایندھن کے حالیہ بحران پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں توانائی کا بحران فوری حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب ’نیکولائے ملادینوف‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کی اصلاح ناگزیر ہے۔ اس کے علاوہ غزہ کی پٹی میں بجلی پیدا کرنے والے جنریٹروں کی از سرنو مرمت کی بھی ضرورت ہے مگر مرمتی سامان کی قلت کے باعث یہ کام نہیں ہوسکا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کے محصورین کے مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

اپنے بیان میں ’یو این‘ مندوب نے کہا کہ غزہ کے عوام پر اتنا ہی بوجھ ڈالا جائے جتنا کہ وہ برداشت کرسکیں۔ تمام فلسطینیوں کو یکساں معاشی وسائل فراہم کیے جائیں اور مسائل میں بھی سب کو برابر شریک کیا جائے۔

نیکولائے ملادینوف نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے انتہائی غریب شہری بجلی کے بلات کی ادائی میں مشکلات کا سامنا کرہے ہیں۔ انہیں بھی وہی مراعات حاصل ہیں جو نسبتا معاشی طور پر بہتر طبقے کو حاصل ہیں۔

اقوام متحدہ کے امن مندوب نے غزہ کی پٹی میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں بجلی کا خسارہ پورا کرنے کے لیے خصوصی امداد فراہم کرے۔ تاہم ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ تنہا عالمی برادری غزہ کے عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتی۔ فلسطینی حکومت کو بھی غزہ میں بجلی کی پیداوار کے لیے ایندھن کی خریداری میں تعاون کرنا ہوگا۔

اقوام متحدہ کے مندوب نے کہا کہ غزہ کے تمام شہری بجلی کے بلوں پر اضافی ٹیکس ادا کرنے پر قدرت نہیں رکھتے۔ انہوں نے غزہ کی پٹی کو تعمیراتی اور مرمتی سامان کی بلا روک ٹوک ترسیل جاری رکھنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں بجلی سپلائی  کرنے والی کمپنیوں کو اپنے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ غزہ کو مرمتی سامان کی فوری ترسیل یقینی بنائی جائے۔

مختصر لنک:

کاپی