اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں پر دباؤ بڑھانے کے لیے گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ ان کی گاڑیاں ضبط کرنے کی نئی مہم شروع کی ہے اور اس مہم کے تحت آج جمعرات کو 10 فلسطینیوں کو حراست میں لیے جانے کے ساتھ ساتھ 24 گاڑیاں بھی ضبط کرلی گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گھر گھر تلاشی اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق آج جمعرات کو علی الصباح قابض صہیونی فورسز نے فلسطین کے علاقوں مقبوضہ بیت المقدس اور مقبوضہ مغربی کنارے میں کئی مقامات پر تلاشی لی۔ اس دوران 10 فلسطینیوں کو حراست میں لیے جانے کے ساتھ ساتھ 24 گاڑیاں بھی ضبط کرلی گئی ہیں۔
غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں بلاطہ کے مقام پر اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو حراست میں لے لیا۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ قابض فوج نے بلاطہ کے مقام پر تلاشی کے دوران عبادہ جمال نصر دویکات کو حراست میں لیا۔ دویکات جامعہ النجاح کا طالب علم ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے نصر دویکات کے گھر پر رات کو ایک بجے چھاپہ مارا اور اسے گھر سے سوئے ہوئے اٹھا لیا گیا۔
قابض فوجیوں نے غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں نور شمس کیمپ میں چھاپہ مارا، گھروں میں توڑ پھوڑ کی اور بعد ازاں ضیاء قصیدو نامی شہری کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
اسرائیلی فوجیوں نے جمعرات کی صبح قلقیلیہ میں عزون کے مقام پر بھی تلاشی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔
ادھر اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 10 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کی گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی گاڑیوں کی ضبطی کی مہم بھی تیز کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے غرب اردن سے سابق اسیر بسام حماد کے گھر سے 450 شیکل اور 50 اردنی دینار لوٹ لیے۔
قابض فوج نے سابق اسیر محمود النجار کو حراست میں لینے کے ساتھ انتظامی حراست کے تحت قید فلسطینی عبدالرحیم حماد کےگھر پر بھی چھاپہ مارا۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوج نے نابلس سے 11 گاڑیاں قبضے میں لے لیں جب کہ بیت المقدس کے نواحی علاقے ابو دیس سے 13 کاریں ضبط کی گئی ہیں۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا فلسطینیوں کی گاڑیوں کو ضبط کرنے کا سلسلہ کیوں کر شروع کیا گیا ہے۔