اسرائیل کے عسقلان قید خانے میں پابند سلاسل دیگر فلسطینی اسیران کے ساتھ ساتھ سات مریض اسیران نےبھی اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ امور اسیران اور کلب برائے اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسیران کے وکیل کریم عجوہ نے بتایا کہ ’عسقلان‘ جیل کے سات مریض قیدیوں سعید مسلم، عثمان ابو خرج، ابراہیم ابو مصطفیٰ، یاسر ابو ترک، نزیہ عثمان، ایمن الشرباتی اور عبدالمجید مہدی نے اجتماعی بھوک ہڑتال میں شمولیت اختیار کی ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین میں 17 اپریل کو ’یوم اسیران‘ کے موقع پر 1500 فلسطینی اسیران نے اسرائیلی انتظامیہ کے مظالم کے خلاف بہ طور احتجاج اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ آج اسیران کی اجتماعی بھوک ہڑتال کا تیسرا روز ہے۔
سنہ 1967ء کے بعد اب تک فلسطینی قیدی 23 بار اجتماعی بھوک ہڑتال کی تحریکیں چلا چکے ہیں۔ سنہ 2014ء کو فلسطینی اسیران نے 63 دنوں تک مسلسل بھوک ہڑتال کی تھی۔