جمعه 15/نوامبر/2024

بجلی کے بحران سے غزہ کے اسپتالوں میں امراض کی تشخیص متاثر

بدھ 19-اپریل-2017

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں ایندھن ختم ہونے کے بعد بجلی کے سنگین بحران نے اسپتال انتظامیہ اور مریضوں کو نئی مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ کا کہنا ہے کہ بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے نتیجے میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی، ان کے معائنے اور امراض کی تشخیص کا عمل بھی متاثر ہوا ہے۔

غزہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ صحت کے ترجمان نے کہا کہ اسپتالوں کو بجلی فراہم کرنے والا پاور جنریٹر ایندھن ختم ہونے کے بعد بند ہوگیا جس کے نتیجے میں اسپتالوں میں مریض بلبلا اٹھے ہیں جب کہ طبی عملے کو مریضوں کی دیکھ بحال، ان کے علاج اور امراض کی تشخیص میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

قبل ازیں منگل کو وزارت صحت نے خبردار کیا تھا کہ غزہ کی پٹی میں بجلی کے بحران کے نتیجے میں اسپتالوں کی انتظامیہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ غزہ میں ادویہ کی قلت کے ساتھ ساتھ علاج کی دیگر سہولیات بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

خیال رہے کہ قطر اور ترکی کی طرف سے فراہم کردہ ایندھن ختم ہونے کے بعد گذشتہ اتوار کو غزہ کا اکلوتا پاور جنریٹر بند ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں مقامی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی