مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک، خلیجی ریاستیں بالخصوص سعودی عرب کے شہری سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس میں ’ٹوئٹر‘ کا سب سے زیاد استعمال کرتے ہیں۔
اس بات کا انکشاف حال ہی میں ’ٹوئٹر‘ کی طرف سے کیا گیا۔ ٹوئٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے ایک کروڑ 10 لاکھ شہری ٹوئٹر کے ممبر ہیں جو مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ پر پوسٹ کی گئی 33 فی صد ٹویٹس کے مالک ہیں۔
ویب سائیٹ ’مانیٹر‘ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں ’ٹوئٹر‘ کے صارفین جہاں ریاستی حدود میں رہتے ہوئے اظہار رائے کی آزادی کا حق استعمال کرتے ہیں تو وہیں وہ دوسروں کو ضرر پہنچانے، فتنہ وفساد، فرقہ وارانہ نعروں اور سعودی عرب کے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات پر منفی اثرات کا ذریعہ بننے والے تبصروں سے گریز کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب میں 22 ملین افراد انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں۔