تائیوان کے حکام نے کتوں اور بلیوں کو مارنے اور ان کا گوشت کھانے پر پابندی عاید کردی ہے۔
تائیوان کی مرکزی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تائیوان حکام نے 11 اپریل سے ملک بھرمیں بلیوں اور کتوں کو مارنے پر پابندی عاید کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا مقصد پالتو جانوروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ کتوں اور بلیوں کو گوشت کے حصول کے لیے مارنے اور گوشت کے لیے کتوں اور بلیوں کے کاروبار پر پابندی عاید کی گئی ہے۔
حکومتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پالتو جانوروں بالخصوص کتوں اور بلیوں کو ایذا دینے والے افراد کو دو سال تک قید اور 2 لاکھ تائیوانی ڈالر جرمانہ کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ امریکی کرنسی میں یہ رقم 6500 ڈالر کے برابر ہے۔
خیال رہے کہ تائیوان میں گوشت کے لیے کتوں اور بلیوں کو مارنا ایک معمول کی بات ہے۔ حیوانوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں کی طرف سے کتوں اور بلیوں کو ہلاک کرنے پر سخت تنقید بھی کی جاتی رہی ہے۔