جمعه 15/نوامبر/2024

صہیونی ریاست کے وحشیانہ جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ

بدھ 12-اپریل-2017

فلسطینی اور آئرلینڈ کے ارکان پارلیمان نے فلسطینی عوام کے خلاف صہیونی ریاست کے جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی  طرف سےمسلط کی گئی جنگوں کے دوران جنگی جرائم کے واقعات کی عالمی سطح پر شفاف تحقیقات وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں فلسطینی ارکان پارلیمان اور آئرلینڈ کے ارکان پارلیمان نے ’اسکائپ‘ کے ذریعے ایک مشترکہ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا۔

ویڈیو کانفرنس میں آئرش پارلیمان میں ’فرینڈز آف فلسطین گروپ‘ میں شامل ارکان پارلیمان نے خطاب کیا۔

غزہ اور ڈبلن میں بیٹھے دونوں ملکوں کے ارکان پارلیمان نےویڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے فلسطین کی موجودہ صورت حال، غزہ کی پٹی پرمسلط کی گئی معاشی پابندیوں اور ان کے منفی اثرات، فلسطینیوں کےخلاف صہیونی ریاست کی نسل پرستانہ پالیسیوں، ظالمانہ قوانین کا نفاذ، القدس اور ارض فلسطین کے دوسرے شہروں میں غیرقانونی یہودی آباد کاری، فلسطینی املاک اور اراضی پرغاصبانہ قبضے، فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری، نہتے فلسطینیوں کے خلاف قابض فوج کا روز مرہ کی بنیاد پرجاری کریک ڈاؤن اور مقدس مقامات کی مجرمانہ بے حرمتی پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا کہ فلسطینیوں کی تحریک آزادی اور مزاحمت کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنا عالمی قوانین کی توہین ہے۔ فلسطینیوں کو اپنے حقوق جن میں سر فہرست حق خود ارادیت، آزادی اور قابض دشمن کی دہشت گردی کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے آئرش ارکان پارلیمان کی طرف سے فلسطینی قوم کے اصولی مطالبات اور بنیادی حقوق کی حمایت پر آئرلینڈ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی اور آئرش ارکان پارلیمان نے فلسطینیوں کے خلاف صہیونی ریاست کے جنگی جرائم کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی مجلس قانون ساز کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر احمد بحر نے آئرش ارکان پارلیمان کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت پرانہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کے ارکان پارلیمان نے فلسطینی قوم کی قربانیوں اور آزادیوں کے لیے جاری جدو جہد کو آئینی تسلیم کرکے مظلوم فلسطینی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔

ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی رکن پارلیمنٹ محمد فرج الغول نے اسرائیلی فوج کے جنگی جرائم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست فلسطینیوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے۔ فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کو کھلے عام پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف قابض فوج کے 1100 جنگی جرائم ریکارڈ پر موجود ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی