چهارشنبه 30/آوریل/2025

لبنان:پناہ گزین کیمپ میں مسلح تصادم،ایک فلسطینی جاں بحق،7 زخمی

ہفتہ 8-اپریل-2017

لبنان کے جنوبی شہر صیدا میں قائم عین الحلوہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں خونی کشیدگی نے ایک اور فلسطینی پناہ گزین کی جان لے لی۔

اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز وادی حلوہ پناہ گزین کیمپ میں ’جوائنٹ فورسز‘ اور ایک پرتشدد گروپ کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم کے نتیجے میں کم سے کم ایک فلسطینی جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مسلح گروپوں نے ایک دوسرے پر مشین گنوں، راکٹوں اور دستی بموں سے حملےکیے۔

آخری اطلاعات تک کشیدگی جاری تھی۔ اس دوران  موسیٰ الخریطنی نامی شہری جاں بحق اور سات شہری زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں میں چار جوائنٹ فورسز کے کارکن بتائے جاتے ہیں جنہیں علاج کے لیے بیروت کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو گروپوں کےدرمیان مسلح تصادم راس الاحمر کالونی میں ایک مکان اور سبزی منڈی میں ایک دکان کو نذرآتش کیے جانے کے واقعے کے بعد ہوا۔

خیال رہے کہ عین الحلوہ پناہ گزین کیمپ میں 80 ہزار فلسطینی پناہ گزین آباد ہیں۔ اس کیمپ کا شمار لبنان میں سب سے بڑے فلسطینی پناہ گزین مراکز میں ہوتا ہے۔ لبنان میں مجموعی طور پر 12 فلسطینی پناہ گزین کیمپ موجود ہیں جن میں سنہ 1948ء کی جنگ میں فلسطین سے نکالے گئے شہریوں کو رکھا گیا ہے۔ ان کی تعداد چار لاکھ 60 ہزار بتائی جاتی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی