شنبه 16/نوامبر/2024

فلسطینی قوم اپنی صفوں میں اتحاد کو یقینی بنائے:امام قبلہ اول

ہفتہ 8-اپریل-2017

مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب اور الشیخ یوسف ابو اسنینہ نے قبلہ اول میں نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل میں امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی بیت المقدس کو فلسطینیوں اور مسلمانوں سے چھیننے کی سازش ہے۔ انہوں نے فلسطینی قوم پر اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ ابو اسنینہ نے فلسطینی عوام پر زور دیا کہ وہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کے حوالے کرنے کی تمام بیرونی سازشوں کو ناکام بنادے۔ ایسا اسی وقت ممکن ہے جب فلسطینی قوم اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کی فضا پیدا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح صہیونی ریاست نہتے اور پرامن فلسطینیوں کے قتل، گرفتاریوں، ان کے گھروں پر دھاووں اور دیگر جرائم میں ملوث ہے اسی طرح وہ بیت المقدس کو بھی ہم سے مستقل طور پر چھیننے کی سازش کررہی ہے۔

الشیخ ابو اسنینہ کا کہنا تھا کہ فلسطین کا کوئی ایک خاندان ایسا نہیں جو صہیونی ریاستی دہشت گردی سے براہ راست متاثر نہ ہو۔ انہوں نے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے معاشی محاصرے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ غزہ کے عوام کو اجتماعی سزا کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ کل جمعہ کو ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی شہریوں نے الشیخ  یوسف ابو اسنینہ کی اقتدا میں مسجد اقصیٰ میں جمعہ کی نماز ادا کی۔ نماز جمعہ کے دوران اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ قابض فورسز نے فلسطینیوں کو نماز جمعہ کے لیے مسجد اقصٰی پہنچنے سے روکنے کے لیے طاقت کے وحشیانہ حربے بھی استعمال کیے۔ مگر قابض فوج کی پابندیوں کو توڑ کر فلسطینی شہری قبلہ اول میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔

مختصر لنک:

کاپی