اس وقت دنیا میں تیز ترین کمپوزنگ کرنے والے لاکھوں میں ہوں گے مگر ترکی کے ایک ’کمپوزر‘ نے کی بورڈ پر تیز ترین ٹائپنگ کے تمام عالمی ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جلال اشکین کو ’برق رفتار انگلیوں‘ والا شخص قرار دیا جاتا ہے۔ وہ ترکی میں تیز ترین کمپوزنگ کے مسلسل 14 مقابلے جیت چکا ہے جب کہ تیز ترین ٹائپنگ میں پانچویں بار پہلی پوزیشن پر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے’اناطولیہ‘ سے بات کرتے ہوئے جلال اشکین نے کہا کہ اس نےسنہ 2002ء میں ٹائپنگ کا آغاز کیا۔ اس نے پیشہ وارانہ انداز میں 10 انگلیوں کے ذریعے مشق شروع کی۔ اس دوران اس نے استنبول یونیورسٹی میں کمپوزنگ شروع کی۔
ترک ریاست قہرمان مرعش کے بازار جیک شہر کے رہائشی اشکین نے بتایا کہ اس نے مشق کے لیے سنہ 1957ء میں تیار کردہ F نامی کی بورڈ استعمال کرنا شروع کیا۔ اس نے تیز ترین ٹائپنگ کے لیے ترک زبان کے 30 ہزار الفاظ لکھنے کی بار بار مشق کی۔ وہ سنہ 2007ء کے بعد تیز ترین رفتار میں کمپوزنگ میں پہلے نمبر پرہیں۔