جمعه 15/نوامبر/2024

ایران سے مذاکرات، خلیجی وزراء خارجہ کا اجلاس جمعرات کو ریاض میں طلب

منگل 28-مارچ-2017

کویت کے نائب وزیرخارجہ خالد الجاراللہ نے کہا ہے کہ ایران سے مذاکرات کی بحالی کے معاملے پر غورکے لیے خلیجی ممالک کے وزراء خارجہ کا اجلاس پرسوں جمعرات کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں طلب کیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کویت میں بنگلہ دیشی سفارت خانے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیرخارجہ الجاراللہ نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل کی طرف سے رکن ممالک کے وزراء خارجہ کو ریاض میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیےدعوت نامے ارسال کیے جا چکے ہیں۔ اس اجلاس کا اہم ترین ایجنڈا ایران سے مذاکرات کی بحالی اور اس کے طریقہ کار کا تعین ہوگا۔ اجلاس میں ایران سے بات چیت کی بحالی اور ایران خلیجی کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

کویتی خبررساں ادارے کے مطابق نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے بات چیت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب کویت نے فریقین کے درمیان امن کوششوں کی بحالی کے لیے متعدد بار ایران اور سعودی عرب کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔

خیال رہے کہ خلیجی ممالک بالخصوص سعودی عرب ایران پرعرب خطے میں مداخلت کرنے، بحرین، یمن، عراق، شام اور لبنان میں مداخلت کرنے اور علاقائی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات عاید کرتا ہے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت بیشتر خلیجی ریاستوں نے ایران سے سفارتی تعلقات بھی ختم کر رکھے ہیں تاہم گذشتہ کچھ عرصے سے کویت نے خلیج اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے مصالحتی کوششیں شروع کی ہیں۔ ریاض میں ہونے والا اجلاس بھی انہی کوششوں کی کڑی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی