چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوج نے غرب اردن سے فلسطینی رکن پارلیمان کو گرفتار کرلیا

جمعہ 24-مارچ-2017

اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین سے تعلق رکھنے والے فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن ابراہیم دحبور کو حراست میں لینے کے بعد جیل منتقل کردیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’عرابہ‘ فلسطینی قصبے سے تعلق رکھنےوالے فلسطینی رکن پارلیمنٹ کو گذشتہ روز اسرائیلی فوجیوں نے ان کے گھر سے حراست میں لیا۔

اسیر فلسطینی رہ نما کی بیٹی رحمہ دحبور نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان کے گھر کا اچانک محاصرہ کرنے کے بعد ان کے گھر میں داخل ہوئے۔ اس وقت ان کے والد گھر میں موجود تھے۔ اسرائیلی فوجیوں نے انہیں ایک فوجی گاڑی میں ڈالا اور ان کی گاڑی بھی ضبط کرنے کے بعد نامعلوم سمت کی طرف لے گئے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے دوران اسرائیلی فوج تین فلسطینی ارکان پارلیمان کو حراست میں لے چکی ہے۔ 9 مارچ کو خاتون رکن پارلیمنٹ سمیرہ الحلایقہ کو شمالی الخلیل کے الشیوخ قصبے سے حراست میں  لیا اور 21 مارچ بہ روز منگل الخلیل کے جنوبی قصبے الظاھریہ سے رکن قانون ساز کونسل محمد الطل کو حراست میں لے لیا۔

محمد دحبور کی گرفتاری کے بعد اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینی  ارکان پارلیمان کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔ ان میں تحریک فتح کے مروان البرغوثی کو پانچ بار عمر قید اور عوامی محاذ کے سربراہ احمد سعدات کو تیس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی