انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے بین الاقوامی فٹ بال فیڈریشن ’فیفا‘ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین کے مقبوضہ شہروں میں قائم کی گئی متنازعہ یہودی کالونیوں میں فٹ بال میچوں کے انعقاد پر پابندی عاید کرے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیموں ’ہیومن رائٹس واچ‘، آفاز سول آرگنائزیشن‘ اور "European Middle East Progect” نے عالمی فٹ بال فیڈریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے اور دوسرے مقبوضہ فلسطینی شہروں میں موجود یہودی کالونیوں میں فٹ بال میچوں کے انعقاد پر پابندی عاید کرے۔
انسانی حقوق کی تینوں عالمی تنظیموں نے ’فیفا‘ سے کہا ہے کہ قانونی طورپر ’فیفا‘ متنازع یہودی کالونیوں میں کھیل کی عالمی سرگرمیوں کے انعقاد کا مجاز نہیں۔ یہودی کالونیاں انسانی حقوق کے مسائل کی وجہ سے متنازع ہیں۔ اس لیے ’فیفا‘ کے لیے ان کالونیوں میں بین الاقوامی فٹ بال میچ منعقد کرانے سے سختی سے گریز کرنا چاہیے۔ تینوں گروپوں نے اسرائیلی فٹ بال فیڈیریشن سے بھی غرب اردن میں قائم یہودی کالونیوں میں فٹ بال میچ کرانے سے گریز کا مطالبہ کیا ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے یہ مطالبہ زیورخ میں منعقدہ بین الاقوامی مانیٹری کمیٹی کے اجلاس کے دوران پیش کیا ہے۔ اس کمیٹی میں دنیا کے مختلف خطوں میں فٹ بال کے انعقاد کے بارے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔