اسرائیل کی قابض سکیورٹی فورسز کے اہلکار مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فلسطینیوں سے کس انداز میں انسانیت سوز سلوک کرتے ہیں اور انھیں کس طرح ہراساں کرتے اور تشدد کا نشانہ بناتے ہیں،اس کی عکاسی کرتی ایک نئی ویڈیو جمعرات کے روز سامنے آئی ہے۔
اس ویڈیو میں مقبوضہ بیت المقدس میں ایک شاہراہ کے کنارے ایک اسرائیلی سکیورٹی افسر نے ایک ادھیڑ عمر فلسطینی ٹرک ڈرائیور کو روک رکھا ہے۔اس کو کیوں روکا گیا ہے؟ یہ واضح نہیں ہوا لیکن اس ویڈیو میں اسرائیلی افسر اس بے یارو مددگار ڈرائیور کو سفاکانہ انداز میں سر میں ٹکر ماررہا ہے،ٹھڈے اور تھپڑ رسید کررہا ہے اور ساتھ ساتھ مُنھ سے گالیاں بھی بک رہا ہے۔
ایک مرحلے پر اس اسرائیلی افسر کو ٹرک ڈرائیور کو حرام زادہ اور ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کی اولاد کہتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے۔یہ واقعہ مبینہ طور پر مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے وادی الجوز میں پیش آیا تھا۔بعض لوگوں نے اس اسرائیلی افسر کو روکنے کی کوشش کی تو وہ ان پر چڑھ دوڑا اور انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قابض اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں کسی فلسطینی کی اس طرح بے توقیری اور ہراساں کرنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ آئے دن ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں اور مزاحمت کرنے والے فلسطینیوں کو اسرائیلی پولیس اہلکار یا فوجی گولیاں مار کر شہید کردیتے ہیں اور پھر وہ یہ من گھڑت کہانی بیان کردیتے ہیں کہ مقتول فلسطینی نے ان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تھی