شنبه 16/نوامبر/2024

بیت المقدس میں شہداء کی بے حرمتی پر اردن کا اسرائیل کو انتباہ

جمعرات 23-مارچ-2017

فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں اردنی شہداء کی باقیات کی بے حرمتی کی خبروں پر اردنی حکومت کی طرف سے شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئےاسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ شہداء کے جسد خاکی کی بے حرمتی سے باز رہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی وزارت خارجہ کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ عمان حکومت کو اطلاعات ملی ہیں کہ انسانی باقیات جمع کرنے والی ایک اسرائیلی تنظیم’زاکا‘ نے شہر میں موجود اردنی شہداء کی قبریں کھود کر ان کی باقیات نکالی ہیں۔

اردنی اخبار’الغد‘ سے بات کرتے ہوئے اردنی وزارت خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ عمان حکومت بیت المقدس میں شہداء کی باقیات کے بے حرمتی کی تحقیقات کے لیے اسرائیل کے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔ اگر دانستہ طورپر شہداء کے جسد خاکی کی بے حرمتی کی گئی ہے تو اسرائیل کو اس کا جواب دینا ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اسرائیل کو پیغام بھیجا ہے کہ وہ بیت المقدس میں موجود شہداء کے قبرستانوں کا تحفظ یقینی بنائے اور انسانی باقیات جمع کرنے میں سرگرم اداروں کو شہداء کے قبرستانوں پر دست درازی کی اجازت نہ دے۔

ادھر تل ابیب میں ابو کبیر ڈی این اے ریسرچ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ بیت المقدس میں شہدا کی قبرستان کی بے حرمتی سے فلسطینیوں میں اشتعال پھیلنے کا اندیشہ ہے۔

مختصر لنک:

کاپی