قطرمیں شریعہ کالج اور شعبہ اسلامیات نے دنیائے اسلام کا ایک منفرد منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ حیرت انگیز اور منفرد منصوبہ ’سائنس انسائیکلوپیڈیا‘ کا ہے جو عالم اسلام میں اپنی نوعیت کا پہلا غیرمعمولی کام ہے۔ اس منصوبے کے تحت عالم اسلام اور عرب دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔
سائنس انسائیکلوپیڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر منتظمین نے دوحہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم الشان اور بے مثال منصوبے کا مقصد آنے والی نسلوں کے لیے علمی سائنسی معلومات کا ایک ایسا ذخیرہ مہیا کرنا ہے جس پر ماضی میں اسلامی دنیا میں وسیع اور جامع انداز میں کام نہیں کیا گیا۔
اس علمی منصوبے میں سائنسی علوم پرمغرب میں ہونے والی تحقیقات عالم اسلام کے دینی، فکریہ اور سماجی شعبوں کو شامل کیا جائے گا۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ انسائیکلو پیڈیا دین، سائنس، نظریات، طرز حیات، سماج، روایات، مغربی دنیا اسلامی دنیا کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرے گا۔
اسلامی شریعہ کالج کے ڈین یوسف الصدیقی کا کہنا ہے کہ سائنس انسائیکلو پیڈیا اپنی نوعیت کا منفرد پروجیکٹ ہے، جس پر ماضی میں کبھی کام نہیں کیا گیا۔ اس کی تیاری میں عالم اسلام کی مختلف جامعات سے بھی مدد لی جائے گی نیز جامعات کے ہاں ہونے والی تحقیقات کے لیے بھی یہ علمی ذخیرہ مستند معلومات مہیا کرے گا۔ اس کے علاوہ آئیسیسکو، اسلامی تعاون تنظیم، جامعہ قطر کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے متعدد علمی، تحقیقی، سائنسی، ثقافتی، نظریاتی، مالیاتی، عالمی اور مسلم دنیا کے قومی اداروں کا تعاون بھی حاصل ہوگا۔