چهارشنبه 30/آوریل/2025

مصر میں پراسرار وائرس سے تین کم سن بچے جاں بحق

ہفتہ 18-مارچ-2017

مصرمیں ایک پراسرار وباء نے ایک ہی خاندان کے تین بچوں کی جان لے لی۔ پراسرار بیماری کے نتیجے میں آٹھ افراد متاثر ہوئے ہیں جو اس وقت اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے پراسرار وباء کی روک تھام کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق مشرقی قاہرہ کے نواحی علاقے شبرا الخیمہ کے مقام پر پر اسرار بیماری کے اچانک پھیلنے سے ایک ہی خاندان کے تین بچے جاں بحق اور  آٹھ افراد متاثر ہونے کے بعد اسپتالوں میں داخل کیے گئے ہیں۔

مصری وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تین بچوں کی موت کے  واقعے کی تحقیقات اور وباء کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ شہریوں میں گیسٹرو کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ متاثرہ شہریوں کے پیٹ میں شدید تکلیف کے ساتھ ساتھ لگا تار قے اور پیچش ہو رہے ہیں۔ اس بیماری نے کم عمر بچوں اور بڑی عمرکے افراد کو زیادہ متاثر کیا ہے۔

وزارت صحت کے ڈاکٹر عمرو قندیل نے بتایا کہ پراسرار وباء کی اطلاع ملتے ہی طبی امدادی عملہ متاثرہ افراد تک پہنچا اور ایک 63 سالہ خاتون کو حمیات امبابہ کے اسپتال منتقل کیا گیا۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ چھ افراد کو علاج کے بعد گھروں کو بھیج دیا گیا ہے جب کہ دو شہری اب بھی بدستور اسپتال میں داخل ہیں۔ حکام ایک ہی مکان میں رہنے والے 17 افراد کا بھی طبی معائنہ کررہے ہیں۔ جو ممکنہ طور پر اس وباء سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

 

مختصر لنک:

کاپی