اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں قلندیا کے مقام پر ایک فلسطینی لڑکی کو گولی مار کر شدید زخمی کردیا۔ جس کے بعد اسے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج نے سوموار کی شام شمالی بیت المقدس میں قلندیا کیمپ کے ایک فلسطینی لڑکی کو گولیاں مار کر زخمی کردیا۔ زخمی لڑکی کو دیر تک اسی حالت میں بے یارو مدد گار سڑک پر پھینک دیا گیا تھا۔ امدادی کارکنوں نے اس کے قریب جانے کی کوشش کی مگر قابض فوج نےچاروں اطراف سےعلاقے کو سیل کرکے زخمی لڑکی تک رسائی کے راستے بند کردیے تھے۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل 0404 کے مطابق ایک فلسطینی لڑکی کو اس وقت گولیاں ماری گئیں جب اس نے فوجیوں پر حملے کے لیے اپنے ہاتھ میں چاقو تھام کر فوجیوں کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تھی۔
فلسطینی حکام کی طرف سے بھی ایک فلسطینی لڑکی کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی تاہم اس کی شناخت نہیں کی گئی۔
ہلال احمر فلسطین کا کہنا ہے کہ امدادے ادارے کے کارکنان نے زخمی لڑکی تک رسائی کی کوشش کی تھی مگر اسرائیلی فوج نے انہیں آگے جانے سے روک دیا تھا۔