ماہرینِ فلکیات نے زمین جیسے حجم والے سات سیارے دریافت کیے ہیں جو ایک ستارے کے گرد گردش کر رہے ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ ان ساتوں سیاروں پر مائع پانی ہونے کے امکانات ہیں تاہم اس کا دارومدار ان سیاروں کی دیگر خاصیات پر ہے۔
ماہرین کے مطابق ان سات سیاروں میں سے تین تو خلا میں اس علاقے میں گردش کر رہے ہیں جہاں زندگی پائے جانے کے امکانات زیادہ ہیں۔
ستارے ٹریپسٹ ون زمین سے 40 نوری سال کے فاصلے پر ہے۔ سائنسی جریدے نیچر کے مطابق ان سیاروں کو ناسا کی سپٹزر سپیس ٹیلی سکوپ اور دیگر آبزرویٹریز نے دریافت کیا ہے۔
جریدے میں شائع ہونے والے مضمون کے مصنف بیلجیئم یونیورسٹی کے مائیکل گلن کا کہنا ہے ‘یہ ساتوں سیارے ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں اور ستارے کے بھی بہت قریب ہیں جو کہ مشتری کے چاندوں کی یاد تازہ کرتے ہیں۔’
ان کا مزید کہنا تھا ‘اس کے باوجود ستارہ کافی چھوٹا ہے اور سرد ہے جس کی وجہ سے ممکن ہے کہ ان سیاروں پر مائع پانی ہو اور ممکنہ طور پر زندگی کے آثار۔’
ان سیاروں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان میں سے تین سیارے خلا میں اس جگہ گردش کر رہے ہیں جہاں اس بات کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں کہ یہ سیارے قابل رہائش ہوں گے۔