اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں مزید اڑھائی سو دونم فلسطینی اراضی غصب کرلی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس میں اسرائیلی بلدیہ نے کئی سال سے جاری قانونی چارہ جوئی کی آڑ میں 250 دونم فلسطینی اراضی کو اپنی ملکیت قرار دے کر اسے قبضے میں لے لے لیا۔
اسرائیل کےعبرانی ٹی وی 7 کی ویب سائیٹ پرجاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی حکومت نے مشرقی بیت المقدس میں ایک نئی یہودی کالونی کے قیام کے لیے 250 دونم اراضی غصب کی گئی ہے۔ اس نئی کالونی میں 2000 رہائشی مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیت المقدس بلدیہ نے حال ہی میں وزیرداخلہ کو ایک مکتوب ارسال کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ القدس میں ایک نئی یہودی کالونی کے قیام کے لیے فلسطینی اراضی پر قبضے کی تیاری کرر ہی ہے۔ وزرات داخلہ کو مذکورہ اراضی کی تفصیلات بھی بتا دی گئی تھیں۔
قبل ازیں اسرائیلی بلدیہ کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ وزارت ہاؤسنگ کے تعاون سے بیت المقدس میں ’مورڈوٹ ارنونا‘ نامی ایک نئی کالونی کے قیام پر کام شروع کرے گی جس میں دو ہزار سے زاید مکانات کی تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔