چهارشنبه 30/آوریل/2025

حلب کے 18 لاکھ باشندے پانی سے محروم، انسانی المیے کا انتباہ

جمعہ 17-فروری-2017

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شام کے جنگ سے تباہ حال شہر حلب میں ایک ماہ سے اٹھارہ لاکھ افراد پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حلب کا شہر جو شامی حکومت اور باغیوں کے درمیان طویل جنگ کےنتیجے میں پہلے بری طرح برباد ہوچکا ہے، اس کے مکین پانی جیسی بنیادی ضرورت اور نعمت کی شدید قلت کا شکار ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان فرحان حق کا کہنا ہے کہ مشرقی حلب میں دو ملین کے قریب شہری پانی کی شدید قلت کا سامنا کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرقی حلب میں پانی کے مرکزی ذخیرے اوراس سے ملنے والی پائپ لائنیں بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کے باعث  لاکھوں افراد پانی کی قلت کا سامنا کررہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے عہدیدار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ حلب کے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں معاونت کریں۔ شام کے دوست ممالک مشرقی حلب اور دوسرے آفت زدہ علاقوں میں پانی کا بنیادی ڈھانچہ بچھانے کے لیے فوری اقدامات کریں ورنہ پانی کی قلت مقامی آبادی کے لیے نیا انسانی المیہ پیدا کرسکتی ہے۔

خیال رہے کہ شام کا شہر حلب طویل خانہ جنگی کے بعد چند ہفتے قبل شامی فوج کے کنٹرول میں چلا گیا تھا۔ گذشتہ کئی سال سے جاری جنگ کے نتیجے میں حلب میں خون کے دریا بہا دیے گئے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی