سوڈان کی میزبانی میں ہونے والی اسلامی ممالک کی خواتین کی بین الاقوامی فیڈریشن کی ساتویں سالانہ کانفرنس میں فلسطینی خواتین کے ایک گروپ نے بھی شرکت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق خرطوم میں ہونے والی بین الاقوامی اسلامی خواتین کانفرنس میں 36 ممالک کی خواتین نے شرکت کی۔ کانفرنس سے سوڈان کے نائب صدر حسبو محمد عبدالرحمان نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں دنیا بھر میں مسلمان خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے بارے میں اظہار خیال کیا گیا۔ کانفرنس میں دنیا بھر میں مظلوم مسلمان اقوام بالخصوص فلسطین اور برما کی خواتین پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی مہم کی مندوب ’اسماء قلاوون‘ نے فلسطینی خواتین کو صہیونی ریاست کی طرف سے درپیش جرائم کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کرنے اور فلسطینی خواتین کی نصرت کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی ماؤں،بہنوں اور بیٹیوں کو جس طرح کے سنگین جرائم کا سامنا ہے دنیا کے کسی دوسرے خطے میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ قابض صہیونی فورسز فلسطینی خواتین پرظلم کے بدترین پہاڑ توڑ رہے ہیں۔
کانفرنس میں چاڈ، سوڈان، یوگنڈا اور کیمرون کے وزراء نے بھی شرکت کی۔