اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ گذشتہ روز صہیونی پراسیکیوٹر نے زیر نفحہ اور جزیرہ نما النقب جیل میں پابند سلاسل دو فلسطینی شہریوں کے خلاف چاقو کےحملوں کے الزامات کے تحت فرد جرم پیش کی ہے۔
عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے دوران جیل میں دوران حراست فلسطینی قیدیوں نے جیل کےعملے کے اہلکاروں پر چاقووں سے حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ غرب اردن کے شمالی شہر نابلس کے ماداما قصبے سے تعلق رکھنے والے فلسطیینی اسیر محمود عمر نصار نے جیل میں ایک اسرائیلی فوجی پر تیز دھار آلے سے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا تھا۔ اسرائیلی فوجی اہلکار کےچہرے پر زخم آئے تھے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب اسرائیلی فوج نے قیدیوں پر وحشیانہ تشدد شروع کیا تھا۔
نفحہ جیل میں قید ایک دوسرے فلسطینی اسیر خالد السیلاوی نے بھی توہین آمیز تفتیش کے رد عمل میں بہ طور احتجاج ایک اسرائیلی جیلر پرحملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں جیل اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔
ان دونوں واقعات کے بعد اسرائیلی فوج نے حماس کے اسیران کے خلاف انتقامی کارروائی شروع کی بھی اور جماعت کے 15 سرکردہ اسیران کو قید تنہائی میں ڈال دیا گیا تھا۔