اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ روز مصر کے جزیرہ نما سینا سے جنوبی اسرائیلی شہر ایلات میں چار راکٹ داغے گئے تھے جن میں سے تین راکٹ دفاعی شیلڈ آئرن ڈوم کی مدد سے تباہ کردیے گئے جب کہ ایک راکٹ ویران علاقے میں گرا ہے تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جزیرہ سیناء سے راکٹ حملوں کےبعد اسرائیلی فوج کی جانب سے خطرے کے الارم بجائے گئے۔ اس کے علاوہ جنوبی اسرائیل کے ایلات شہر میں زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شام کے اندر سے ایک ہاون راکٹ اسرائیل پر داغا گیا تاہم اس کے نتیجے میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اسرائیلی فوج نے راکٹ حملے کے بعد شام میں اسدی فوج کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی بھی کی۔