شنبه 03/می/2025

اسرائیلی فوج کی خونی کارروائی، ایک فلسطینی شہید پانچ زخمی

اتوار 29-جنوری-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں اتوار کے روز فلسطینی شہریوں کی ایک پرامن احتجاجی ریلی پر وحشیانہ فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ سے ایک فلسطینی شہید اور کم سے کم پانچ شہری زخمی ہو گئے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار کو علی الصباح فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب قابض فوج نے جنین کیمپ میں گھر گھر تلاشی کا وحشیانہ سلسلہ شروع کیا۔ اس پر شہری صہیونی فوج کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔

صہیونی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 19 سلہ محمد محمود ابو خلیفہ نامی شہری شہید اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے دو افراد کے پیٹوں میں گولیاں لگی ہیں جن کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق صہیونی فوج نے محمود ابو خلیفہ پر براہ راست بندوق سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہونے کے کچھ ہی دیر بعد دم توڑ گیا۔

 مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ابو خلیفہ کے گھر میں گھس کر توڑپھوڑ کی۔ چند روز قبل بھی اسرائیلی فوج نے شہید کے گھر پر دھاوا بول کر اس کے والد ابو خلیفہ اور اس کے دو اقارب محمد ابو احمد کو حراست میں لے لیا تھا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج نے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر نہایت ظالمانہ طریقے سے دھاوے بولے۔ شہریوں کے گھروں میں گھس کرتوڑپھوڑ کی اور متعدد شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جنین پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی شہریوں کے پرامن احتجاج پر جب فائرنگ کی تو وہ مشتعل ہوگئے اور انہوں نے اسرائیلی فورسز پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی