چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسماعیل ھنیہ پانچ ماہ پر محیط غیرملکی دورے کے بعد غزہ واپس

ہفتہ 28-جنوری-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اور سابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ اپنے طویل بیرونی دورے کے بعد گذشتہ روز واپس غزہ پہنچ گئے ہیں۔ اپنے بیرونی دورے کا آغاز انہوں نے سعودی عرب سے کیا جہاں حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے تھے۔ انہوں نے اپنا زیادہ وقت دوحہ میں گذرا جہاں ان دنوں حماس کی جلا وطن قیادت قیام پذیر ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ اپنے بیرون ملک دورے کے اختتام پر مصر پہنچے جہاں انہوں نے جماعت کے نائب صدر موسیٰ ابو مرزوق اور سیاسی شعبے کے رکن روحی مشتہی کے ہمراہ قاہرہ حکام سے چند روز ملاقاتیں کی۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا مصر کا دورہ کامیاب رہا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسماعیل ھنیہ اور روحی مشتہی غزہ کی پٹی پہنچ گئے ہیں۔ دونوں رہ نما رفح گذر گاہ کے راستے غزہ داخل ہوئے جو ان کے لیے ہنگامی طور پر کھولی گئی تھی۔

غزہ پہنچنے کے بعد اسماعیل ھنیہ ساحلی پناہ گزین کیمپ میں اپنی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں حماس کی قیادت اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سمیت عام شہریوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔

اس موقع پر اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ان کا بیرون ملک دورہ بالخصوص دورہ مصر کامیاب رہا۔ اس دورے کے دوران مصری قیادت سے اہم تزویراتی امور، مسئلہ فلسطین کے حوالے سے قاہرہ کے کلیدی کردار، غزہ کی پٹی کے عوام کے مسائل سمیت دیگر اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ان کے بیرون ملک دورے کا مقصد عرب اور مسلمان ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور عرب بھائیوں کے ساتھ رابطے بہتر بنانا تھا۔ وہ اپنے اس دورے میں کامیاب رہے ہیں۔

انہوں نے مصری قیادت کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پر کھل کر بات چیت کی۔ مصری حکام کی طرف سے بھی غزہ کی پٹی کے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس اور مصری قیادت نے صلاح مشورے اور میل ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی