جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک فلسطینی شہید، دوسرا زخمی

جمعرات 26-جنوری-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں دو الگ الگ واقعات میں اسرائیلی فوج نے گولیاں مارکر ایک فلسطینی نوجوان کو شہید اور دوسرے کو شدید زخمی کردیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج نے مشرقی رام اللہ میں جبع قصبے میں ایک فلسطینی نوجوان پر فوجیوں کو اپنی کار تلے کچلنے کے شبے میں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔

فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جبع قصبے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 24 سالہ حسین سالم ابو غوش نامی نوجوان شہید ہوا ہے۔ اس کا تعلق شمالی بیت المقدس میں قائم قلندیا پناہ گزین کیمپ سے بتایا جاتا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رام اللہ میں ’آدم ‘ کالونی کے قریب ایک فلسطینی نوجوان نے فوجیوں کو لے جانے والی گاڑی کو اپنی گاڑی سے ٹکر مارنے کی کوشش کی۔ فوجیوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ صہیونی فوج کا کہنا ہے یہ ایک حملہ تھا جسے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔

قبل ازیں را اللہ کے شمال مغربی علاقے عابود یں ایک فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ پہلے فلسطینی نوجوان کی طرف سے فوجیوں پر فائرنگ کی گئی تھی۔

عبرانی اخبار’معاریو‘ کی ویب سائیٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عابود کے مقام پر بائی پاس روڈ پر قائم فوجی ٹاور کے قریب ایک فلسطینی نوجوان نے فوجیوں پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کرنے والا فلسطینی گاڑی میں سوار تھا۔ فوجیوں نے جوابی فائرنگ میں گاڑی  کے ڈرائیور کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے زخمی فلسطینی کےقبضے سے اسلحہ برآمد کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے واقعات کے تصویری مناظر مرکزاطلاعات فلسطین کی جانب سے بھی دکھائے گئے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی