لبنانی وزیر صحت غسان حاصبانی کی جانب سے فلسطینی پناہ گزین مریضوں کو اسپتالوں میں علاج پر پابندی کے اعلان پر فلسطینی حلقوں کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز لبنانی وزیر صحت نے ایک بیان میں کہا کہ وہ گردوں کے مرض میں مبتلا فلسطینی مریضوں کا علاج نہیں کرسکتے۔ اس پر اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ شعبہ اطلاعات کے انچارج رافت مرہ نے کہا کہ لبنانی وزیرصحت کے بیان سے فلسطین دشمنی بو آتی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کے بیانات سے فلسطینی پناہ گزینوں میں لبنانی حکومت کے خلاف نفرت پیدا ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ لبنانی وزیر صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک فیصلے میں گردوں کے مرض کا شکار فلسطینی پناہ گزینوں کے علاج پر پابندی لگائی گئی ہے حالانکہ مریضوں کے فوری علاج کی ضرورت بتائی جاتی ہے۔ لبنانی حکومت کے فیصلے کے تحت فلسطینی پناہ گزین آئندہ ماہ سے لبنان کے سرکاری اسپتالوں میں علاج نہیں کراسکیں گے۔