چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی عدالت سے فلسطینیوں کوقید، شہربدری اور بھاری جرمانوں کی سزائیں

منگل 24-جنوری-2017

اسرائیل کی ایک مجسٹریٹ عدالت کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس سے حراست میں لیے گئے متعدد فلسطینی نوجوانوں کو قید، شہر بدری، بھاری جرمانوں اور بیرون ملک سفر پرپابندیوں جیسی سزائیں سنائی ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق متعدد فلسطینیوں کو رہا کرنے کے بعد انہیں گھروں میں نظر بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

انسانی حقوق کے کارکنان کے مطابق مجسٹریٹ عدالت کی طرف سے جبل مکبر سے تعلق رکھنے والے منذر قنبر کو 10 روز تک گھر میں نظر بند رکھنے کا حکم دیا گیا۔ اس کے علاوہ انہیں 180 دن تک بیرون ملک سفر سے بھی روک دیا گیا جب کہ ساتھ ہی ایک ہزار شیکل جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ منذر قنبر سے ایک حکم نامے پردستخط بھی کرائے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ دوبارہ گرفتاری کی صورت میں اسے 10 ہزار شیکل ضمانت کی رقم جمع کرانا پڑے گی۔

خیال رہے کہ منذر قنبر کے ایک بھائی فادی قنبر رواں ماہ ایک فدائی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

قبل ازیں اسرائیلی عدالت نے العیسویہ سے تعلق رکھنے والے محمد ابو الحمص کو ایک ہفتے تک آبائی شہر چھوڑنے کی شرط پر رہا کیا اور ساتھ ہی 1500 شیکل جرمانہ کیا گیا۔ اسے بھی تیسرے فریق کے ذریعے پانچ ہزار شیکل ضمانت کی رقم جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔

اسرائیلی عدالت کی طرف سے فلسطینی نوجوان طارق درویش کو ساڑھے چھ سال قید، یوسف علیان کو پانچ سال اور نو ماہ قید اور دونوں کو پانچ پانچ ہزار شیکل جرمانہ کی سزائیں سنائی گئیں۔ القدس سے تعلق رکھنے والے نوجوان کارکن لوئی ابو الحمص کو دو سال قید اور 2500 شیکل جرمانہ کی سز سنائی گئی۔

مختصر لنک:

کاپی