لبنان کے جنوب میں اسرائیل کا ایک مبینہ جاسوس طیارہ گرکر تباہ ہو گیا ہے جس کے ملبے کی تلاشی کے لیے اقوام متحدہ کی فوج کی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کا مبینہ جاسوس ڈرون طیارہ جنوبی لبنان میں فلسطینی سرحد کے قریب وعرہ کے مقام پر گر کرتباہ ہوگیا۔
لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق لبنان میں متعین اقوام متحدہ کی امن فوج’یونیفل‘ کی ٹیمیں علما الشعب، الناقورہ اور لبلونہ کی حدود کے قریب تباہ ہونے والے اسرائیلی ڈرون طیارے کا ملبہ تلاش کرنے کے لیے روانہ کردی گئی ہیں مگر جگہ جگہ بارودی سرنگوں کی وجہ سے ملبے کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ 7 جنوری کو بھی اسرائیلی فوج کے ’ایم کے‘ نامی ایک ڈرون طیارے کو لبنانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے دوران نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ سات جنوری کو اسرائیلی ڈرون کو لبنانی علاقوں صور اور بنت جبیل کی فضاء میں دیکھا گیا تھا۔