فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے سرگرم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ شام میں موجود 95 فی صد فلسطینی پناہ گزین غیرملکی امداد کے رحم وکرم پرہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’اونروا‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شام میں جاری خانہ جنگی نے فلسطینی پناہ گزینوں میں غربت کی شرح میں غیرمعمولی اضافہ کیا ہے۔ اس وقت 95 فی صد پناہ گزین دوسرے ملکوں کی امداد پر انحصار کرتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 43 ہزار فلسطینی پناہ گزین شام میں ان علاقوں میں رہائش پذیر ہیں جہاں تک امدادی اداروں کی رسائی انتہائی مشکل ہے۔ ان میں دارالحکومت دمشق کے قریب واقع ’یرموک‘ پناہ گزین کیمپ کے فلسطینی پناہ گزین بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’اونروا‘ نے کچھ عرصہ قبل شام میں موجود فلسطینی پناہ گزینوں کی رجسٹریشن کی تھی۔ رجسٹریشن کے دوران شام میں پانچ لاکھ 60 ہزار فلسطینی پناہ گزین کی تعداد بتائی گئی تھی۔ ان میں سے چار لاکھ 50 ہزار پناہ گزین اب بھی شام ہی کے مختلف علاقوں میں رہ رہے ہیں۔ ان میں سے 4 لاکھ 30 ہزار فلسطینی پناہ گزین ’اونروا‘ کی امداد پر انحصار کرتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شام میں موجود پناہ گزین کیمپوں سے ایک لاکھ 20 ہزار فلسطینی دوسرے ملکوں کو نقل مکانی کرچکے ہیں۔ ان میں 31 ہزار پناہ گزین لبنان، 16 ہزار اردن جب کہ 2 لاکھ 80 ہزار فلسطینی شام کے مختلف علاقوں میں منتشر ہوچکے ہیں۔