جمعه 15/نوامبر/2024

فلسطین ۔ اسرائیل مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہیں:روس

ہفتہ 14-جنوری-2017

روسی وزیرخارجہ سیرگی لافروف نے کہا ہے کہ ان کا ملک فلسطین۔ اسرائیل امن بات چیت کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق روسی وزیرخارجہ نے ان خیالات کا اظہار تنظیم آزادی فلسطین کے سیکرٹری جنرل صائب عریقات سے ماسکو میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان امن بات چیت کے تعطل پر ماسکو کو گہری تشویش لاحق ہے۔

روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم پچھلے سال بھی فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیلی حکومت کے درمیان بات چیت کی بحالی میں مدد دینے کے لیے تیار تھے۔ ہم اب بھی اس مقصد میں تعاون کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ہم صرف فریقین کی طرف سے آمادی کا انتظار کررہے ہیں۔

روسی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ماسکو کی میزبانی میں آئندہ ہفتے فلسطینی تنظیموں کے درمیان بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے درمیان باہمی رابطوں کا سلسلہ بھی بحال ہونا چاہیے۔ روس اس باب میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ فلسطینی آپس میں متحد ہو کر ہی صہیونی ریاست کے ساتھ جاندار مذاکرات کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ آئندہ اتوار کو فرانس کے دارالحکومت پیریس میں مشرق وسطیٰ عالمی امن کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں 70 عرب اور مغربی ممالک کے وزراء خارجہ شرکت کریں گے۔

فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان اپریل 2014ء کے بعد سے دو طرفہ امن بات چیت تعطل کا شکار ہے۔

مختصر لنک:

کاپی