اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوجیوں پر ٹرک سے چڑھائی کرکے چار صہیونی فوجیوں کو ہلاک کرنےمیں ملوث فلسطینی فدائی حملہ آور کے مکان کے گرد حکومت 2500 مکانات تعمیر کرنے کی تیاری کرہی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 10 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی بلدیہ فلسطینی فدائی حملہ آور فادی قنبر شہید کے مکان کے گرد انتقامی کارروائی کے تحت اڑھائی ہزار مکانات تعمیر کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ یہ تمام مکانات شہید فلسطینی فادی قنبرکے قصبے جبل مکبر میں تعمیر کیے جائیں گے۔
ٹی وی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی بلدیہ کی طرف سے پولیس کے ذریعے جبل مکبر میں فلسطینیوں کے کئی مکانات مسمار کرنے کے نوٹس بھی تیار کرلیے گئے ہیں۔ جبل مکبر میں غیرقانونی قرار دیے متعدد مکانات کی مسماری کے لیے نوٹس جلد جاری کیے جائیں گے۔
ٹی وی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فدائی فلسطینی فادی قنبر اور اس کے کئی رشتہ داروں کے مکانات سمیت جبل مکبر میں فلسطینیوں کے 1600 گھر مسمار کیے جائیں گے۔
درایں اثناء جبل مکبر میں دفاع اراضی کمیٹی کے چیئرمین سلیمان مطر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی ریاست کی طرف سے جن مکانات کی مسماری کی تیاری کی جا رہی ہے وہ سنہ 1967ء سےبھی پہلے کے تعمیر شدہ ہیں۔ صہیونی ریاست فلسطینیوں پر اجتماعی پابندیاں عاید کرکے انتقامی سیاست کو فروغ دے رہی ہے۔
ادھر اسرائیلی بلدیہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جبل مکبر میں 2500 مکانات کی تعمیر کے بعد وہاں پر عرب خاندانوں کو آباد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں بیت المقدس میں ایک فلسطینی ٹرک ڈرائیور فادی قنبر نے تیز رفتار ٹرک چلاتے ہوئے کئی صہیونی فوجی کچل ڈالے تھے جس کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں میں سے آٹھ کی حالت بدستور تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔