جمعه 15/نوامبر/2024

’عالمی برادری فلسطینی مہاجرین کے لیے دل کھول کر امداد دے‘

بدھ 11-جنوری-2017

اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین’اونروا‘ نے بین الاقوامی برادری سے شام، اندرون فلسطین، اردن، لبنان اور دوسرے ملکوں میں موجود فلسطینی مہاجرین کے لیے 813 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں اقوام متحدہ کے مندوب برائے پناہ گزین فلسطین پییر کرینپول نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ انہوں نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے فوری مالی امداد کی اپیل کی ہے۔ توقع ہے کہ امداد دینے والے ممالک اور ادارے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے دل کھول کر امداد فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ چند برسوں کے دوران فلسطینی پناہ گزینوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ شام میں خانہ جنگی کے نتیجے میں سوا لاکھ فلسطینی پناہ گزین گھر بار چھوڑ کر دوسرے ملکوں کو ھجرت پر مجبور ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ 26 لاکھ فلسطینی پناہ گزین ماضی کی نسبت زیادہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ فلسطینی پناہ گزینوں کو صحت، تعلیم، سماجی بہبود، صاف پانی اور خوراک سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی مد میں فوری امداد درکار ہے۔ توقع ہے کہ عالمی برادری امداد دینے والے ممالک کھلے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے امداد فراہم کریں گے۔

امدادی مہم کے دوران کہا گیا ہے کہ سال 2017ء کے دوران مقبوضہ فلسطینی علاقوں بالخصوص غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں رہنے والے فلسطینی مہاجرین کو 402 ملین ڈالر کی امداد کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شامی بحران کے نتیجے میں فلسطینی پناہ گزینوں کے متاثر ہونے پران کے لیے 411 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ امداد شام میں موجود 4 لاکھ 30 ہزار فلسطینی پناہ گزینوں، لبنان فرار ہونے والے 30 ہزار شامی مہاجرین اور اور ردن میں پناہ لینے والے 17000 فلسطینی پناہ گزینوں پر صرف کی جائے گی۔

مختصر لنک:

کاپی