جمعه 15/نوامبر/2024

مسلسل دوسرے روز بھی صہیونی فوج کا کریک ڈاؤن، 27 فلسطینی گرفتار

بدھ 4-جنوری-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں صہیونی فوج کے مسلسل دوسرے روز جاری رہنے والے وحشیانہ کریک ڈاؤن میں مزید 27 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ تازہ کریک ڈاؤن میں گرفتاریوں کے بعد گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں 70 کے قریب فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار کیے گئے شہریوں میں بچے اور سابق اسیران بھی شامل ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین  کے نامہ نگار کے مطابق قابض فوجیوں نے غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں متعدد شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ شہر کے مشرق میں ناکے لگا کر فلسطینی شہریوں کی تلاشی کی آڑ میں ان کی شناخت پریڈ کی گئی۔ صہیونی فوج کئی گھنٹے تک اس علاقے میں گشت کرتی رہی اور شہریوں پر صوتی بموں سے حملے بھی کیے۔

پی آئی سی کے نامہ نگاروں کے مطابق طولکرم کی مشرقی کالونی سے دو فلسطینی شہریوں فہد یاسین اور حسین ابو شنب کو حراست میں لے لیا۔ قابض فوج نے ان کے گھروں پر چھاپے مارے اور انہیں ہراں کیا۔ اس سے قبل اسی علاقے میں دو دویگر فلسطینی نوجوانوں مصعب قوزح اور اسید عوض کو گرفتار کیا گیا تھا۔

غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں دو فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ اس موقع پر قابض فوج نے سابق فلسطینی اسیرہ یاسمین ابو سرور کو حراستی مرکز میں پیش ہونے کانوٹس جاری کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق بیت لحم میں اسرائیلی فوج نے عایدہ پناہ گزین کیمپ میں شہریوں کے گھروں پر دھاوے بولے۔ اس دوران دو فلسطینی شہریوں احمد الشیخ اور ھیثم ابو عیاش کو حراست میں لے لیا۔

الخلیل شہر سے چار فلسطینیوں کی گرفتاری کی اطلاعات آئی ہیں۔ قابض فوج نے گھروں میں گھس کرنہتے خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا اور قیمتی سامان کی لوٹ مار کی۔ دورا کے مقام سے حمزہ محمود الشاتیت نامی شہری کو گرفتار کیا گیا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں تلاشی کے دوران ایک مکان سے تین بندوقیں اور دیگر آتشیں ہتھیار ملے ہیں۔ اس کے علاوہ بڑی مقدار میں نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔

غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں ایک کارروائی کے دوران 22 سالہ طالب علم محمد حسن زماعرہ کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق نابلس سے زکریا جمیل نجار ابر ماہر، بیت بلا ل الشیخ اور رام اللہ سے احمد النوبانی اور سعید یوسف نامی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

مختصر لنک:

کاپی