فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک عمارت میں ہولناک آتش زدگی کے نتیجے میں کم سے کم پانچ صہیونی ہلاک ہو گئے۔
اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے بتایا کہ بیت المقدس میں قائم ’تل بیوت‘ یہودی کالونی میں ایک عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں پانچ اسرائیلی ہلاک ہوگئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آتش زدگی ایک رہائشی فلیٹ میں لگی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
مہلوکین میں تیس سے چالیس سال کے درمیان کی ایک خاتون اور اس کے چار بچے شامل ہیں۔
ریسکیو ادارے کے طبی عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ میں جھلسنے والے افراد کی مدد کی کوشش کی مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔ آگ لگنے سے پورا مکان جل کر خاکستر ہوگیا۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے طویل جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ پولیس نے آتش زدگی کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم آتش زدگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔