اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کےشمالی قصبے قلندیا میں قائم ایک چیک پوسٹ کے قریب سے گذرنے والے فلسطینی لڑکی کو گولیاں مار کر زخمی کرنے کے بعد حراست میں لے لیا ہے۔ صہیونی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار کی گئی فلسطینی لڑکی اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملے کی کوشش کررہی تھی۔
اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے ایک بیان میں بتایا کہ فوجیوں نے قلندیا چوکی کے قریب ایک مشکوک فلسطینی لڑکی کو گولیاں مار کر زخمی کیا جس کے بعد اسے حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ فوجیوں کو شبہ ہے کہ فلسطینی لڑکی یہودی فوجیوں پرحملوں کی منصوبہ بندی کررہی تھی۔
دوسری جانب فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی لڑکی کا تعلق بیت المقدس سے ہے اور اس کی عمر 35 سال ہے۔ گولیاں لگنے سے اسے درمیانے درجے زخم آئے ہیں۔ لڑکی کو زخمی کرنے کےبعد اسے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
اسرائیلی پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمی فلسطینی لڑکی کا تعلق بیت المقدس کے مشرقی قصبے العیساویہ سے ہے۔ وہ اپنے کپڑوں میں ایک چاقو چھپانے کی کوشش کررہی تھی جب اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
صہیونی حکام کا کہنا ہے کہ زخمی لڑکی کو بیت المقدس میں ’ھداسا عین کارم‘ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
فلسطینی امدادی ادارے ہلال احمر فلسطین کے مطابق فلسطینی لڑکی کو گولیاں مارنے کے بعد دیر تک سڑک پرپھینک دیا تھا۔ امدادی کارکنوں نے زخمی لڑکی تک رسائی کی کوشش کی مگر قابض فوج نے انہیں آگے نہیں جانے دیا۔